Friday, May 8, 2026
ہومپاکستانسانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق زیر التوا اپیلوں کا فائدہ ملزمان اٹھا رہے ہیں، طاہر القادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق زیر التوا اپیلوں کا فائدہ ملزمان اٹھا رہے ہیں، طاہر القادری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق زیر التوا اپیلوں کا فائدہ ملزمان اٹھا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 8 ویں برسی پر عوامی تحریک 17 جون کو ملک گیر احتجاج کرے گی، عوامی تحریک کی ضلعی تنظیمات کال فار جسٹس ریلیاں نکالیں گی۔اس حوالے سے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ کارکن اور شہداء کے ورثاء عدالت عظمیٰ کی توجہ حاصل کرنے کے لئے پرامن ریلیاں نکالیں گے، 8 سال گزر جانے کے بعد بھی شہداء کے ورثاء انصاف سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے انصاف کی فراہمی کے لیے نوٹس لینے کی استدعا ہے، کارکنان وکلا، سول سوسائٹی سے مل کر 17 جون کو اضلاع میں پریس کلب کے باہر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ملزم کی درخواست پر غیر جانبدار جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا، جے آئی ٹی پر تین سال سے سٹے آرڈر چل رہا ہے، انصاف کی بجائے صرف تاریخ ملتی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق زیر التوا اپیلوں کا فائدہ ملزمان اٹھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مرکزی ملزمان کو ایک ایک کر کے بری کیا جا رہا ہے، وکلاء برادری مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہو، پر امن لوگ ہیں قانون کا احترام کرتے ہیں انصاف کیلئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ انصاف میں تاخیر، انصاف دینے سے انکار ہے، انصاف کا بال عدلیہ کے “کورٹ” میں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔