اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے ممکنہ خونی لانگ مارچ کو روکنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے خلاف درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید مختلف سیاسی جلسوں میں ملکی اداروں کو دھمکا رہے ہیں۔ اداروں پر حملے کیلئے اکسا رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس کو حالیہ حکومت کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کا لانگ مارچ کرنے کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ پی ٹی آئی ٹائیگر فورس کو تنخواہ دی جارہی ہے تاکہ وہ ملک کو نقصان پہنچائیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماء مختلف ٹی وی چینلز پر کہہ چکے ہیں ہمارا مارچ خونی ہوگا۔ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا ملک تین حصوں میں تقسیم ہوگا اور ایٹمی اثاثے خطرے میں ہیں۔عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ سابق وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دے۔ ٹائیگر فورس کو تنخواہوں کی ادائیگی پر ایف آئی اے سے انکوائری کرائی جائے۔ ملک میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے ممکنہ خونی مارچ کو روکا جائے۔
