حکومت نے آئندہ مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام ڈویژن کے 31 جاری اور 5 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 6330.696 ملین روپے مختص کئے ہیں۔
جمعہ کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق 31 جاری منصوبوں کیلئے 5380.696 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ رقم اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 719 ملین روپے رکھی گئی ہے جبکہ 31 جاری منصوبوں میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کیپٹل فائبر کیبل کی تبدیلی اور ترسیلی نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کیلئے 300 ملین روپے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
جاری منصوبوں میں کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام، آئی ٹی پروفیشنل کی سرٹیفکیشن، این آئی ٹی بی میں سمارٹ آفس کا قیام، پاکستان فیز ون (پی ایس ای بی) میں 25 ایس ٹی پیز کا قیام، سائنو پاک سنٹر کیلئے مصنوعی ذہانت سہولت کا قیام، صدارتی اقدام برائے سائبر ایفیشنٹ پارلیمنٹ اور دیگر جاری سکیمیں شامل ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام ڈویژن کے 5 نئے منصوبوں کیلئے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 950 ملین روپے رکھے گئے ہیں جن میں نالج پارک کا قیام، شہروں میں (ایس سی او) کے نئے اور موجودہ ایف ایف ٹی ایچ، جی پی او این سروسز کی توسیع، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آپٹیکل ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی توسیع (پی سی ٹو) اور عالمی بینک کے تعاون سے ڈیجیٹل اکانومی کی توسیع کا منصوبہ شامل ہیں۔
