ہومپاکستاناسلام آباد بلدیاتی انتخابات ،عدالت نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے تفصیلات طلب کر لیں

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ،عدالت نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے تفصیلات طلب کر لیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی ۔درخواستگزار کے وکیل عادل عزیز قاضی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے دائر درخواست پرگزٹ میں شائع نوٹیفیکیشن سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں،عدالت نے گزٹ میں شائع نوٹیفیکیشن کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وفاق کو بذریعہ وزیراعظم کے سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے 21 مئی 2022 کو اسلام آباد کی یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، اسلام آباد کی یونین کونسلز کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی گئی، بیس ہزار افراد کی نمائندگی کے تناسب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی گئی، الیکشن کمیشن نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بغیر لوکل گورنمنٹ الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا، الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ الیکشن سے قبل یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کا پابند ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے دو جون کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بغیر لوکل گورنمنٹ الیکشن کا انعقاد روکا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔