اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیےکے مطابق ای سی سی نے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دے دی ہے، 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم حکومتی سطح پر درآمد کی جائے گی اور 10 لاکھ ٹن گندم بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعےخریدی جائےگی۔
ای سی سی نے صوبوں سے گندم کی ضروریات کا تخمینہ بھی طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کےدومنصوبوں کی تعمیرمیں توسیع کی بھی منظوری دی گئی، منصوبوں میں توسیع کا مقصدچین سے 38کروڑ 30 لاکھ ڈالر قرض یقینی بنانا ہے۔
ای سی سی نے پام آئل کی درآمد پر2 فیصد ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری بھی دے دی ہے، پام آئل کی درآمد پرڈیوٹی ختم کرنےکی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق وزارت توانائی کے لیے 62 ارب 27 کروڑ روپےکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، امن و امان کے لیے 10کروڑ 78 لاکھ روپےکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، بی آئی ایس پی پروگرام کے لیے 24 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، وزیراعظم ریلیف پیکیج کےتحت 5 اشیاء پرسبسڈی میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔
اعلامیےکے مطابق آٹا، چینی، چاول اور دالوں پر سبسڈی مزید دو ہفتے برقرار رہےگی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی پر 100 روپے فی کلو سبسڈی دی جائےگی۔
