اسلام آبا(سب نیوز)کمیشن آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اِن دی ساؤتھ (کامسیٹس) اور یمن نیشنل اکیڈمی آف ینگ سائنٹسٹس کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی و اختراع (ایس ٹی آئی )، استعداد کار میں اضافے اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں پاکستان میں یمن، اردن اور فلسطین کے سفیروں جبکہ سری لنکا اور زمبابوے کے سینئر سفارتی نمائندوں سمیت مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ YEM-SCI کے ڈپٹی صدر ڈاکٹر احمد ایم اوثمان اور دیگر حکام نے بھی تقریب میں آن لائن شرکت کی۔
اس موقع پرکامسیٹسکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سفیر ڈاکٹر محمد نفیس ذکریا نے جنوبی ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان سائنس دانوں کے لیے تحقیق اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا پائیدار مستقبل کے قیام کے لیے ضروری ہے۔
پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر العاشبی نے بھی پاکستان اور یمن کے درمیان سائنسی اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی اور کامسیٹسکی کاوشوں کو سراہا۔
مفاہمت کی یادداشت کے تحت تحقیق کے شعبے میں تعاون، سائنسی تبادلے اور نوجوان یمنی سائنس دانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
