اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور ترکیہ کے سفارتخانے نے پاکستان ترکیہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید تیز کرنے، کاروباری روابط کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی قیادت کے مقرر کردہ 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے نجی شعبے کے کردار کو مزید مثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں جمعرات کے روز وفد کے ترکیہ کے سفارتخانے کے دورے کے دوران ہوا، جس میں استنبول میں منعقدہ بزنس اپورچونٹی کانفرنس، ایکسی لینس ایوارڈ تقریب اور کاروباری وفد کے دورے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔سردار طاہر محمود نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور کمرشل قونصلر اینس ملک کا آئی سی سی آئی کے وفد کو فراہم کی جانے والی بھرپور معاونت اور سہولت کاری پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بالخصوص پورے وفد کے ویزوں کے حصول میں ترک سفارتخانے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بروقت سہولت کاری سے پاکستانی کاروباری برادری کی استنبول میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں میں مثر شرکت ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ترکیہ کے سفارتخانے کے تعاون کو پاکستان ترکیہ اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم سمجھتا ہے۔
