اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن و استحکام خوشحالی و ترقی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،خطے کو دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی۔
اسلام آباد میں سکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری سے مل کر افغانستان کی مدد کی لیکن افغان عوام کی مدد کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے، یوکرین کے بحران کے باعث افغان عوام کو بھلا نہ دیا جائے۔آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا انتہائی تشویشناک ہے، پاکستان نے بھارت کے میزائل گرنے کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ڈائیلاگ پر یقین رکھتا ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت کے ساتھ آبی تنازع بھی سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔سکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پاکستان کی قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی۔
