ایف آئی اے اسلام آباد نے رواں سال حوالہ ہنڈی کے خلاف تیسری بڑی کارروائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں بانڈے پلازہ راولپنڈی میں غیر قانونی ہنڈی حوالہ کا کاروبار کرنے والا حوالہ دار گرفتار ہوگیا، ملزم سے 1 کروڑ 18 لاکھ 23 ہزار روپے ، کرنسی اسمگلنگ بیلٹس، حوالہ ہنڈی دستاویزات ، پیغامات، رسیدیں، موبائل فون اور متعدد چیک بکس برآمد ہوئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع ملنے پر 7 رکنی ٹیم تشکیل دے کر تمام قانونی لوازمات پورے کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی گئی، تین ملزمان کے خلاف کمرشل بینکنگ سرکل میں مقدمہ 2022/13 درج کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کے ساتھ حوالہ ہنڈی میں ملوث دیگر افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا، ملزمان راولپنڈی ڈویژن میں ایک بڑا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور کمرشل حوالہ چائنہ اور افغانستان کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیز اور افراد کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
