مسلم لیگ (ن)کے منحرف رکن جلیل شرقپوری پی ٹی آئی کے امربالمعروف جلسے میں پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے امربالمعروف جلسے میں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن اسمبلی نے بھی شرکت کی۔مسلم لیگ(ن)کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کے لیے امربالمعروف جلسے میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے پر تنقید کریں لیکن حکومت گرانے نہ نکلیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پاکستان کا امیج بہتر کیا
، اسلام دشمن طاقتیں عمران خان کو گرانا چاہتی ہیں، اپوزیشن کو ان طاقتوں کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پریڈ گرانڈ میں جلسہ گاہ پہنچے لیکن اس سے پہلے انہوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ کے اوپر چکر لگائے اور لینڈنگ سے پہلے جلسہ گاہ کا معائنہ کیا۔
