اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے سندھ ہاوس پر حملے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، چیف جسٹس نے ہفتے کو آئی جی سے سندھ ہاوس پر حملے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے سندھ ہاوس پر حملے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ ہاوس پر 2 درجن سے زائد افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرے کے دوران سندھ ہاوس کے گیٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مظاہرے میں سندھ ہاوس کے باہر دو اراکین بھی موجود تھے ، دونوں اراکین کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دفعات قابل ضمانت تھیں،
اس لیے شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا۔یاد رہے چیف جسٹس عطا بندیال نے پیر تک آئی جی اسلام آباد سے سندھ ہاس پر حملے کی رپورٹ طلب کی تھی۔عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو قانون کے مطابق اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا تمام سیاسی جماعتیں اپنے وکلاکے ذریعے عدالت کی معاونت کریں۔سپریم کورٹ نے تمام سیاسی جماعتوں تحریک انصاف،مسلم لیگ ن ،جے یوآئی اور پیپلز پارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو مقدمے میں فریق بنا دیا۔
خیال رہے گذشتہ ہفتے گذشتہ تحریک انصاف کے مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہاوس میں داخل ہو گئے تھے اور نعرے بازی کرتے رہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہاوس پر حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور پولیس نے سندھ ہاوس اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔
