ہومدنیاچین میں اومیکرون نے تباہی مچادی،کئی شہروں میں لاک ڈاون

چین میں اومیکرون نے تباہی مچادی،کئی شہروں میں لاک ڈاون

بیجنگ (نیوز ڈیسک )چین میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے حملے تیزی سے جاری ہیں۔ حکومت نے وبا پر قابو پانے کے لیے ملک کے شمال مشرقی شہروں میں لاک ڈاون نافذ کر دیا ہے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق چین نے 2020 میں ٹارگٹڈ لاک ڈاون، پی سی آر ٹیسٹ اور سفری پابندیاں لگا کر کورونا وبا پر قابو پایا تھا لیکن اب اومیکرون چین کے کئی شہروں پر حملہ آور ہے۔

گزشتہ روز چین میں چار ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے دو تہائی کا تعلق جیلین صوبے سے ہے جس کی سرحد روس اور شمالی کوریا سے ملتی ہے۔حکام کے مطابق جیلین صوبے کے دوسرے بڑے شہر جیلین کی 45 لاکھ آبادی پرتین روز کے لیے لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔جیلین صوبے کے دارالخلافہ چینگ چن میں 11 مارچ سے لاک ڈاون نافذ ہے۔ 90 لاکھ شہریوں کو ہر دو روز کے بعد ایک مرتبہ اشیا خور و نوش کی خریداری کے لیے باہر جانے کی اجازت ہے۔تاہم ٹیکنالوجی کا حب کہلانے والے شہر شینزن میں پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے جس کی تقریبا پونے دو کروڑ آبادی پر ایک ہفتہ پہلے لاک ڈاون لگایا گیا تھا۔

مقامی حکام نے کہا ہے کہ شہر میں آج سے پبلک ٹرانسپورٹ اور انتظامی و کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی جبکہ غیر ضروری کاروباری مراکز بند رہیں گے۔بیجنگ کے مشرق میں واقع شہر تنگشن میں 77 لاکھ افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ گزشتہ روز یہاں وائرس کے پھیلا وکو کم کرنے کی خاطر 24 گھنٹوں کے لیے ٹریفک بند کر دی گئی تھی۔چین میں ایک سال بعد ہفتے کے روز کورونا وائرس سے دو ہلاکتیں ہوئیں اور ہسپتالوں میں اس خدشے کے پیشِ نظر مزید بیڈز کا انتظام کیا جا رہا ہے کہ کہیں وبا نظامِ صحت کو متاثر نہ کرے۔ جیلین صوبے میں آٹھ عارضی ہسپتال اور دو قرنطینہ سینٹر بنائے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔