ہومپاکستانتحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو معاملات گلی کوچوں میں جائیں گے، فضل الرحمٰن

تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو معاملات گلی کوچوں میں جائیں گے، فضل الرحمٰن

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم پراعتماد ہیں کہ وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پھر معاملات گلی کوچوں میں جائیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم اور جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ جانے عمران خان کی تربیت کس معاشرے میں ہوئی ہے، ان کی تعلیم و تربیت کس ماحول میں ہوئی کہ انہیں گفتگو کے آداب معلوم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مخالفین کو گالیاں دیتے ہیں، نام بگاڑتے ہیں، ہمیں برا بھلا کہتے ہیں، بد اخلاقی کرتے ہیں، وزیراعظم جس طرح کی گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں وہ اس منصب پر فائز رہنے کے لائق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم کے خلاف آئین و قانون کے تحت شرافت کا راستہ چن لیا، جس کے جواب میں وہ اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں، ان کی حرکتوں سے لگتا ہے کہ شرافت ان کی فطرت میں نہیں، ایسے شخص کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنا اس منصب کی بے توقیری ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے کہتے ہیں کہ اب جبکہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہو چکی ہے تو وہ وزیراعظم کو جلسے کرنے سے روکے۔
انہوں نے کہا عمران نیازی سے جان چھڑانا لازمی ہے، قوم کی نجات کے دن قریب ہیں، بہار آئے نہ آئے اس خزاں سے جان چھڑانا ضروری ہے، ہمارا اصل مقصد عمران خان کا محاسبہ کرنا ہے، ہم عمران خان کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، عمران خان سن لو! ہم تمہیں جام کرنا جانتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔