اسلام آباد( آئی پی ایس) فنانس ڈویژن نے اعلان کیا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ایک بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری فنانس ڈویژن واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی سربراہی کررہے ہیں۔ دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیمیں متعلقہ ڈیٹا سیٹ کے تبادلے کے بعد ورچوئل فارمیٹ میں تفصیلی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فنانس ڈویژن نے کہا کہ مذاکرات کے اختتام کے لیے کسی بھی مرحلے پر کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں جمعہ کو شوکت ترین نے پاکستانی سفارتخانے میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دورکے بعد ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ سیکریٹری خزانہ قرض دہندہ ادارے سے مذاکرات جاری رکھنے کے لیے واشنگٹن میں رکیں گے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک اور وہ نیویارک سے ورچوئلی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیڈلاک کی خبروں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بہترین بات چیت چل رہی ہے۔

