ہومپاکستانرومانیہ کے قومی دن پر اسلام آباد میں شاندار استقبالیہ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین مہمان خصوصی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی شریک

رومانیہ کے قومی دن پر اسلام آباد میں شاندار استقبالیہ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین مہمان خصوصی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی شریک

اسلام آباد (سب نیوز): رومانیہ کے قومی دن کے موقع پر پاکستان میں رومانیہ کے سفارت خانے کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل مووِن پک میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارت کاروں، سیاسی رہنماؤں، سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈان سٹوئینیسکو نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان دوستی، یکجہتی اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ رومانیہ کا قومی دن ملک کی تاریخ اور قومی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ آزادی، جمہوریت، یکجہتی اور قانون کی حکمرانی جیسی بنیادی اقدار کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نے یکم دسمبر 1918 کے تاریخی واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی روز عظیم اتحاد کے ذریعے رومانیہ کے عوام کی قومی وحدت کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی اور جدید رومانیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 2027 میں رومانیہ یورپی یونین کی رکنیت کے 20 سال مکمل کرے گا۔

ڈاکٹر ڈان سٹوئینیسکو نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ عالمی حالات کے باوجود رومانیہ کی خارجہ پالیسی کی سمت اور بنیادی ترجیحات برقرار ہیں۔ یورپی یونین اور نیٹو کی رکنیت، امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون رومانیہ کی خارجہ پالیسی کے اہم ستون ہیں۔

یوکرین جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس کی جارحیت یورپ اور عالمی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے۔ رومانیہ نیٹو کے مشرقی محاذ اور بحیرہ اسود کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یوکرین میں منصفانہ اور پائیدار امن، عالمی غذائی تحفظ اور مالدووا کی یورپی یونین میں شمولیت کے لیے رومانیہ کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 15 اکتوبر 1964 کو سفارتی تعلقات قائم ہوئے، جس کے بعد باہمی احترام اور تعمیری تعاون کی بنیاد پر دوستی کا ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ رومانیہ نے پاکستان کی صنعتی ترقی، بالخصوص تیل، سیمنٹ اور کھاد کی صنعتوں میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک اب اس تعاون کو نئی جہتوں سے آگے بڑھا رہے ہیں۔

سفیر نے اقتصادی سفارت کاری کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے مارچ 2026 میں رومانیہ کی بندرگاہ کانستانتسا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے جنوبی ایشیا اور یورپ کے درمیان بحری رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے پاکستانی اور بخارسٹ کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون، پاکستانی کاروباری وفود کے رومانیہ کے دوروں اور اکتوبر میں بخارسٹ میں منعقد ہونے والے پاکستان رومانیہ بزنس فورم کو بھی خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

ڈاکٹر ڈان سٹوئینیسکو نے بتایا کہ پہلے پاکستان رومانیہ آئی ٹی فورم میں 100 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی، جس سے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات سامنے آئے۔

دفاعی تعاون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رومانیہ کے شہر گالاٹی میں پاکستان نیوی کے لیے چار آف شور پٹرول ویسلز کی تیاری دونوں ممالک کے کامیاب دفاعی تعاون کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے فوجی تعلیم، تربیت، ملٹری میڈیسن اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں بھی مزید تعاون کے امکانات ظاہر کیے۔

سفیر نے عوامی اور ثقافتی روابط کو دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور روزگار کے حصول کے لیے رومانیہ جانے والے پاکستانی شہری دونوں معاشروں کے درمیان نئے روابط قائم کر رہے ہیں۔ رومانیہ قانونی اور منظم افرادی قوت کی نقل و حرکت اور تعلیمی و سائنسی تعاون کے فروغ کا حامی ہے۔

انہوں نے رواں سال پاکستان اور رومانیہ کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے ہونے والی مختلف سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا۔

اس سلسلے میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر نہیں بلکہ یوم پاکستان کے موقع پر رومانیہ کے نیشنل چیمبر کوائر میڈریگل، مارین کانسٹنٹین کی جانب سے پاکستان کے قومی ترانے کی پہلی مرتبہ پیشہ ورانہ انداز میں اجتماعی موسیقی کے ساتھ پیشکش کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے اسے پاکستانی عوام کے لیے رومانیہ کی جانب سے ایک خوبصورت موسیقی کا تحفہ قرار دیا۔

دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں اپریل میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح، جون میں نیشنل لائبریری آف پاکستان میں رومانیہ بُک شیلف کا آغاز، رومانیہ کے اوپیرا گلوکاری کے کورسز اور اسلام آباد میں رومانیہ کی زبان کے کورسز شروع کرنے کی تیاری شامل ہیں۔

سفیر نے بتایا کہ دونوں ممالک تعلیم، سائنس، ثقافت، سفارتی تربیت اور عوامی نشریات کے شعبوں میں نئے معاہدوں کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان میں رومانیہ کے اعزازی قونصل خانوں کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تعلقات کے بعد پاکستان اور رومانیہ اپنی شراکت داری کے ایک نئے اور امید افزا دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کا مقصد تاریخی دوستی کو عوام کے لیے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرنا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا دوستی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں مقیم رومانیہ کی کمیونٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے رومانیہ کی ترقی، آزادی، جمہوریت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کی دعا کی۔ انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کی دوستی مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے ’’رومانیہ زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔