ہومبریکنگ نیوزایف بی آر کا انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

ایف بی آر کا انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی ترامیم جاری کر دی ہیں، جس کے تحت اپیلز ونگ کے قیام اور فیس لیس اپیلز کے لیے نیا باب شامل کر دیا گیا ہے اور انکم ٹیکس اپیلوں کی سماعت اب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگی۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انکم ٹیکس اپیلیں ایف بی آر کے ای پورٹل کے ذریعے دائر کی جائیں گی، اپیلوں کی تقسیم خودکار، رینڈم اور متحرک نظام کے تحت ہوگی اور اپیل سننے والے کمشنر اپیلز کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔اپیل کے دوران کمشنر اپیلز کا چہرہ دکھائی نہیں دے گا اور آواز بھی تبدیل کی جائے گی، اسی طرح اپیل کنندگان اور متعلقہ حکام کی ذاتی پیشی پر پابندی ہوگی، اپیلوں کے تمام نوٹسز، جوابات، دلائل اور شواہد الیکٹرونک طریقے سے جمع ہوں گے۔

ایف بی آر کے نئے نظام کے تحت اپیل کنندگان کو تحریری دلائل کی بنیاد پر فیصلہ کرانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے افراد قریبی فیلڈ آپریشنز ونگ میں سماعت میں شریک ہو سکیں گے۔آڈٹ، اسیسمنٹ یا متنازع حکم جاری کرنے والا افسر اپیل کا فیصلہ نہیں کر سکے گا، اپیلز ونگ ایف بی آر کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گا، سینٹر کا کوئی افسر کمشنر اپیلز کو اپیل کے فیصلے سے متعلق ہدایات نہیں دے سکے گا۔اپیلوں کے فیصلے ڈیجیٹل شناختی نمبر (DIN) کے ساتھ جاری ہوں گے، ای پورٹل کی تکنیکی خرابی سے اپیل دائر کرنے میں تاخیر کو معقول وجہ تصور کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔