ہومتازہ ترینپاکستان اور روس کا 2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

پاکستان اور روس کا 2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

اسلام (سب نیوز)پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرلیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اِسی طرح اجلاس کے دوران بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، انسانی وسائل، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور روس نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور طے شدہ اقدامات پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ادارہ جاتی روابط کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا، واضح رہے کہ کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔