ہومپاکستانپاکستانی پرچم کا خلا میں بلند ہونا نوجوانوں کے لیے نئی امیدوں کا پیغام ہے، شین ژو24 مشن سائنسی تاریخ کا سنہری باب ہے، رانا مشہود احمد

پاکستانی پرچم کا خلا میں بلند ہونا نوجوانوں کے لیے نئی امیدوں کا پیغام ہے، شین ژو24 مشن سائنسی تاریخ کا سنہری باب ہے، رانا مشہود احمد

اسلام آبا(سب نیوز)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ملک کے پہلے خلاباز ڈاکٹر ذیشان علی کی چینی خلائی مشن شین ژو24کے ذریعے تاریخی روانگی پر پوری قوم اور بالخصوص پاکستانی نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی سائنسی تاریخ اور نوجوان نسل کے لیے ایک یادگار سنگِ میل ہے جسے ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذیشان علی کا سبز ہلالی پرچم کے ہمراہ خلا کے سفر پر روانہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور وہ ہر ناممکن کو ممکن بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی اب زمینی ترقی اور سی پیک کے منصوبوں سے آگے بڑھ کر خلا کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے سخت تربیتی مراحل سے گزرنے والے متبادل پاکستانی خلاباز خرم داد کی محنت اور لگن کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
نوجوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید سائنس، خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر ذیشان علی کی کامیابی سے تحریک حاصل کریں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ آخر میں انہوں نے مشن کی مکمل کامیابی اور وطنِ عزیز کی سربلندی کے لیے دعا کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔