لاہور:پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں 18 اور 19 نومبر کی درمیان شب قتل ہونے والے سابق وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس لیاقت عباس بھٹی کے قتل کیس میں 2 ذاتی محافظوں سمیت 11 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقتول کے بھتیجے ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج مقدمہ میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) لگائی گئی ہیں جس میں زاہد علی اورفرحان علی سکنہ ضلع صوابی سمیت دیگر کو ملزمان نامزد کیا گیا۔
درج ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ واردات پیٹرول پمپ سے ملحقہ رہائش گاہ پر پیش آئی جہاں ذاتی محافظوں نے مل کر لیاقت عباس بھٹی کو قتل کیا۔
مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے چچا مقتول لیاقت عباس بھٹی 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دیگر 2 افراد کے ساتھ عباس پیٹرول فلنگ اسٹیشن حافظ آباد پر موجود تھے جب ملزمان اسلحہ سمیت اندر گھس آئے۔
مزاحمت کرنے پر لیاقت عباس بھٹی کو ایک گن مین نے بیڈ پر گرا دیا اور دوسرے نے ان کے بازو پکڑ لیے،2 ملزمان نے ٹانگوں سے پکڑ لیا جس کے بعد ایک ملزم نے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور گھر سے سامان لوٹ کر لے گئے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ خود 19 نومبر کی دوپہر جائے واردات پر پہنچے جہاں انہوں نے دیکھا کہ ان کے چچا بیڈ پر مردہ حالت میں پڑے ہیں اور سامان بکھرا ہوا ہے۔ دوسرا کمرا کھولا تو گواہان رسیوں سے بندھے ہوئے تھے جن کو آزاد کروایا اور انھوں نے واقعے کے بارے میں بتایا۔
لیاقت عباس بھٹی کو قتل کرنے کے بعد ملزمان جاتے ہوئے 20 لاکھ روپے نقدی،50 تولے زیورات،اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات سمیت مقتول کی پراڈو ،لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی لے گئے۔
ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔
لیاقت عباس بھٹی کون ہیں؟
مقتول لیاقت عباس بھٹی پاکستان مسلم لیگ(ق) کے دور حکومت میں ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی وزیر رہے۔ وہ 2 بار ایم این اے اور ایک مرتبہ ایم پی اے بھی رہ چکے تھے۔
لیاقت عباس بھٹی ضلع حافظ آباد کے حلقہ این اے 103 سے سال 2002 اور 2008 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ق) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ سال 2013 میں بھی اسی حلقے سے منتخب ہوئے تاہم انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث یہ انتخاب کالعدم قرار دے دیا گیا تھا،2018 میں انہوں نے اپنے بھتیجے شوکت علی بھٹی کے مدمقابل این اے 87 سے الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔
مقتول سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور سابق ایم این اے شوکت علی بھٹی کے چچا تھے،اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی ایم این اے انیقہ مہدی حسن اور ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔
سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی نماز جنازہ اور تدفین آج آبائی گاؤں برجدارا میں کردی گئی جس میں خاندان کے افراد سمیت علاقہ معززین کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔
