اسلام آباد :اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں دو روزہ اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔اجلاس میں شرکت کے لئے اقتصادی تعاون تنظیم کے متعدد رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان، ای سی او سیکرٹریٹ اور ای سی او کے ذیلی اداروں کے نمائندے پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور پاکستان کے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد بھی شرکت کررہے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا باقاعدہ اجلاس (کل)پیر کو ہوگا۔
اجلاس سے قبل ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام کا ایک اہم اجلاس اتوار کو منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے کی۔ اجلاس میں ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے ساتھ ساتھ ذیلی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جاری اجلاس میں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے اور مجوزہ حتمی دستاویزات کی منظوری دی جائے گی۔ قبل ازیں ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے تنظیم کی حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ اسلام آباد میں ای سی او وزارتی اجلاس کا عنوان ’’ریوائیونگ ریجنلزم فار اے ریزیلیئنٹ ای سی او‘‘ رکھا گیا ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، آذربائیجان، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان،ازبکستان اور افغانستان شامل ہیں۔ ای سی او کے بنیادی مقاصد میں تجارت، معیشت، توانائی، ٹرانسپورٹ، تکنیکی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے
