ہومپاکستاننیب ہیڈکوارٹرز میں سرمایہ کاروں کے تحفظ سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس ،کاروبار دوست ماحول کے فروغ پر تبادلہ خیال

نیب ہیڈکوارٹرز میں سرمایہ کاروں کے تحفظ سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس ،کاروبار دوست ماحول کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز) قومی احتساب بیورو(نیب)کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ہراساں کیے جانے سے تحفظ فراہم کرنے اور معاشی ترقی کے لیے مکمل ادارہ جاتی معاونت کی فراہمی سے متعلق قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب سید احتشام قادر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکاونٹیبلٹی سہیل ناصر، چیف آف اسٹاف محمد بلال ریاض برکی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد عثمان سمیت دیگر نیب حکام نے شرکت کی۔ کاروباری برادری کی جانب سے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ذکریا اکبر ضیا، جو کمیٹی کے فوکل پرسن بھی ہیں، صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری طلعت محمود، صدر خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید جواد حسین کاظمی، سیکرٹری جنرل لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہد خلیل(آن لائن)اور پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ارشد محمود نے شرکت کی۔اجلاس میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل، بالخصوص مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ معاملات کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے غیر ضروری رکاوٹوں کے خاتمے، شفافیت یقینی بنانے اور جائز کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ سرمایہ کاروں کو موثر ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر کاروباری شکایات کے ازالے کے لیے مربوط نظام وضع کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر صدر آئی سی سی آئی محمد ذکریا اکبر ضیا نے مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ کاروباری معاملات میں تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو تفصیل سے اجاگر کیا اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں، بلاجواز جانچ پڑتال اور ہراسانی کا سامنا کرنے کے بجائے قومی معاشی ترقی میں شراکت دار سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی سرگرمیوں میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے شفاف، قابلِ پیش گوئی اور معاون ریگولیٹری ماحول ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیب، متعلقہ سرکاری محکموں اور کاروباری نمائندہ تنظیموں کے درمیان مثر رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے تاکہ جائز کاروباری سرگرمیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے جبکہ احتساب کا نظام بدعنوانی اور قانون کی دانستہ خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز رکھے۔اجلاس کے شرکا نے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، جائز کاروبار کو سہولت فراہم کرنے، سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرنے اور معاشی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اور مربوط حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔