اسلام آباد (سٹی رپورٹر)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کو سیاسی محاذ آرائی اور اقتدار کی کشمکش سے نکال کر قومی مفاہمت، وسیع تر مشاورت اور مشترکہ قومی ایجنڈے کی طرف لے جانا ہوگا۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کسی ایک سیاسی جماعت یا حکومت کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر قابل عمل لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماوں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام، مضبوط جمہوری ادارے، موثر انتظامی ڈھانچہ اور مستحکم معیشت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اور عدم اعتماد کی فضا نے قومی معاملات کو متاثر کیا ہے، اس صورتحال سے نکلنے کے لیے قومی مکالمے کا راستہ اختیار کرنا ہوگا تاکہ سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکے اور ریاستی و قومی ترجیحات پر اتفاق رائے پیدا ہو۔انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے انتظامی ڈھانچے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔ آبادی میں اضافے، شہری پھیلاو اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر نئے صوبوں کے قیام پر قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔ بڑے صوبوں میں انتظامی امور، عوامی مسائل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے ایسا نظام تشکیل دیا جائے جس سے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آسکیں۔ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ کسی سیاسی مفاد یا وقتی نعرے کے بجائے انتظامی ضرورت، عوامی خواہشات، آئینی تقاضوں اور قومی اتفاق رائے کی بنیاد پر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔قومی حکومت کے قیام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ایسی حکومت تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور قومی دھارے کی دیگر قوتوں کو نمائندگی حاصل ہو۔ قومی حکومت کا بنیادی مقصد انتخابی و سیاسی اختلافات کو کم کرنا، جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا، اداروں کے درمیان آئینی ہم آہنگی پیدا کرنا اور ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جانا ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق قومی اہمیت کے فیصلے اتفاق رائے سے کیے جانے چاہئیں تاکہ پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہے اور ملک سیاسی عدم استحکام کے اثرات سے باہر نکل سکے۔نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر رہنماوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں انتظامی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔نئے صوبوں کے قیام کے مطالبات کو سنجیدگی سے زیر بحث لایا جانا چاہیے۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے حکومتی وسائل کی بہتر تقسیم، انتظامی نگرانی میں بہتری، روزگار کے مواقع اور تعلیم و صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ تاہم اس عمل کو آئین، جمہوری طریقہ کار اور متعلقہ علاقوں کے عوام کی خواہشات کے مطابق آگے بڑھانا ضروری ہے۔
کمیٹی اس سے قبل بھی نئے صوبوں اور قومی وحدت کی حکومت کو انتظامی و سیاسی اصلاحات کے اپنے ایجنڈے کا حصہ قرار دے چکی ہے۔معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات، سرمایہ کاری میں کمی اور عام آدمی پر بڑھتے ہوئے معاشی دباو جیسے مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔ حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر معاشی بحالی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، صنعتوں کو سہولیات دینے، کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے، زرعی شعبے کو مضبوط بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے طویل المدتی معاشی پالیسی مرتب کرنا وقت کی ضرورت ہے۔رہنماوں کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی محض اعدادوشمار یا حکومتی دعووں سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔ ٹیکس نظام میں بہتری، سرکاری اخراجات میں نظم و ضبط، وسائل کے شفاف استعمال، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی پالیسیوں میں بار بار تبدیلی سرمایہ کاری اور کاروباری اعتماد کو متاثر کرتی ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک متفقہ معاشی روڈ میپ تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے جمہوری استحکام کے حوالے سے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی موثر فعالیت، آزادانہ سیاسی سرگرمیاں اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی ایک مستحکم ریاست کے بنیادی تقاضے ہیں۔ سیاسی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ قومی ڈائیلاگ کا مقصد بھی یہی ہے کہ سیاسی قیادت، ریاستی اداروں اور دیگر اہم قومی فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہو اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ راستہ نکالا جا سکے۔پریس کانفرنس کے دوران رہنماوں نے قومی امور، ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام، قومی حکومت کی تشکیل، معاشی بحالی اور جمہوری نظام کو درپیش چیلنجز سے متعلق اپنے موقف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ مکالمہ، سیاسی برداشت اور وسیع تر قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی ملک میں سیاسی مفاہمت اور قومی مسائل پر بامقصد بحث کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
