اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ آئین میں ترمیم کرسکتی ہے،عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں ہونی چاہیے، پارلیمنٹ،عدلیہ اورانتظامیہ پرعدلیہ کی آزادی برقراررکھنے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ عدلیہ انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے تو عوام انصاف کیلئے اپنے طریقے اختیار کرسکتے ہیں، نتیجے میں معاشرے میں انتشار اور بدامنی جنم لے سکتی ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی یقینی بنانا پارلیمان،عدلیہ اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عدالتی آزادی کے حوالیسے پارلیمان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آئین پارلیمان کو اس بات کا اختیار دیتا ہے کہ وہ آئین میں ترامیم سکتی ہے، پارلیمان قانون سازی کے ادارے کی حیثیت سے عوام کی نمائندگی کرتی ہے، پارلیمان کو عدلیہ کی آزادی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک آزاد عدلیہ ہی شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتی ہے، عدالت نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے مقدمے عدالتی آزادی کی تشریح کی ہے، شہدا فورم بلوچستان کے مقدمے میں اختلافی نوٹ کے ذریعے عدالتی آزادی کے تصور کی تشریح کی ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بعض ججزنے اپنے حلف کی پاسداری کیلئے جرات کامظاہرہ کیا، عوام اور وکلا عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوں توعدلیہ آئین کا دفاع کرتی ہے، جسٹس افتخارچوہدری نے آمر کا غیرآئینی مطالبہ ماننے سے انکار کیا، وکلا تحریک اور عوامی حمایت نے پرویزمشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جج کے موقف کی حمایت،حکومت میں اسی فیصلے پر تنقید افسوسناک ہے، جج کا کام آسان نہیں، یہ انتہائی اہم اور بڑی ذمہ داری ہے، عدالتی فیصلے آئین اورقانون کے مطابق شواہد کی بنیاد پرکئے، صرف آزاد عدلیہ ہی شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتی ہے۔
پارلیمان کو عدلیہ کی آزادی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے، جسٹس جمال مندوخیل کا اپنے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
