*اسلام آباد *پاکستان ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں ایشیا پیسیفک میں غیر قانونی تمباکو کی تجارت کے معاشی اثرات، ٹیکس پالیسی، مارکیٹ میں بگاڑ اور حکومتی اقدامات کے نتائج پر مبنی تحقیقی رپورٹ “Illicit Tobacco Trade in Asia-Pacific: Taxation, Market Incentives, and Macroeconomic Costs” کے اہم نتائج اور سفارشات پیش کی گئیں۔ ملائیشیا کے سینٹر فار مارکیٹ ایجوکیشن (Centre for Market Education) کی مرتب کردہ اس رپورٹ میں پاکستان سمیت خطے کے مختلف ممالک میں غیر قانونی سگریٹ تجارت کے باعث قومی خزانے کو ہونے والے نقصانات اور اس کے تدارک کے لیے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے حکام نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں غیر قانونی سگریٹ مارکیٹ کا حصہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں 54 فیصد سے کم ہو کر 48 فیصد رہ گیا ہے ، جبکہ سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح قومی خزانے کو تقریباً 45 ارب روپے اضافی ٹیکس آمدن حاصل ہوئی، جو غیر قانونی تجارت کے خلاف حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی سگریٹ تجارت کے باعث سالانہ تقریباً ایک ارب ڈالر کے محصولات کا نقصان ہو رہا ہے، جبکہ غیر قانونی سگریٹ سے ضائع ہونے والی آمدن تمباکو کے شعبے سے حاصل ہونے والے مجموعی ٹیکس کا تقریباً 117.4 فیصد ہے۔ اس نقصان کے اعتبار سے پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں تیسرے نمبر پر ہے۔
اگر صرف ایک ارب سگریٹ قانونی مارکیٹ کا حصہ بن جائیں تو قومی خزانے کو تقریباً سات ارب روپے اضافی ٹیکس آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے حکام کے مطابق حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی سگریٹ تجارت، اسمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف نمایاں کارروائیاں کی گئ ہیں۔ رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 675 چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں غیر قانونی سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا 2.94 ملین کلوگرام تمباکو، 77 ہزار 197 کلوگرام ایسیٹیٹ ٹو اور 61 ہزار 295 کلوگرام سگریٹ پیپر ضبط کیا گیا۔
اسی طرح اسمگل شدہ سگریٹوں کے خلاف کارروائیوں میں 156 ملین سگریٹ، جبکہ ٹیکس ادا کیے بغیر مقامی طور پر تیار کردہ 230.9 ملین سگریٹ ضبط کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث 14 فیکٹریوں کو بھی سیل کیا گیا، جن کی مجموعی سالانہ پیداواری صلاحیت تقریباً 7.4 ارب سگریٹ تھی۔
تاہم میڈیا بریفنگ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ 675 چھاپوں کے باوجود صرف چار مقدمات درج ہوئے، جو مجموعی کارروائیوں کا ایک فیصد سے بھی کم ہیں، جبکہ تاحال کسی مقدمے میں سزا نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال کو غیر قانونی تمباکو تجارت کے خلاف حکومتی اقدامات کے تسلسل اور مؤثریت کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے سینئر فِسکل انگیجمنٹ مینیجر محمد رنجھا نے بریفنگ میں بتایا کہ غیر قانونی سگریٹ تجارت کے خلاف حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، تاہم ان کامیابیوں کو پائیدار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ چھاپوں اور ضبطگیوں کے بعد مقدمات کے اندراج، مؤثر استغاثہ اور عدالتی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سگریٹ مافیا کے خلاف صرف چھاپے اور ضبطگیاں کافی نہیں بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں دلانا بھی ناگزیر ہے۔ اگر گرفتار اور ملوث عناصر کے خلاف مقدمات منطقی انجام تک نہیں پہنچتے تو غیر قانونی کاروبار کی حوصلہ شکنی ممکن نہیں ہو گی۔
بریفنگ میں گرین لیف تھریشنگ (GLT) یونٹس کی الیکٹرانک نگرانی، تمباکو کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ، غیر قانونی پیداواری سرگرمیوں کی نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کو غیر قانونی تمباکو تجارت کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے حکومت پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تفتیشی حکام اور عدلیہ کے کردار کو اہم ترین قرار دیتے ہوے کہا کہ غیر قانونی تمباکو تجارت کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے، چھاپوں کے بعد مقدمات کا اندراج یقینی بنایا جائے اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں۔
بریفنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مؤثر نفاذِ قانون کے ساتھ متوازن ٹیکس پالیسی ضروری ہے تاکہ غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی، قومی محصولات کا تحفظ اور قانونی کاروبار کے لیے منصفانہ مسابقتی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
