اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران روزمرہ کے انتظامی امور چلانے کے لیے وزیراعلی کو تفویض کردہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کے انتظامی امور، نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کو موثر بنانے اور گورننس کی بہتری کے لیے صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران وزیراعلی کو حاصل اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔
فیصلے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل گورنر کی قیادت میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کردی۔یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کویتی حکومت اس معاہدے کی 19 جولائی کو توثیق کرچکی ہے۔
وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں وزیراعلی کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
