اسلام آباد :چائنا میڈیا گروپ کا اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں خصوصی پروگرام ’’سائنس آن ویلز‘‘ کا انعقاد سلمیٰ اکیڈمی آف ایجوکیشنل ایکسیلینس (سعی) میں کیا گیا، جس کا مقصد مستحق اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں میں سائنسی علوم سے دلچسپی اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
سعی سکول میں غریب، نادار اور مہاجر خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود یہ بچے علم و ہنر کے ذریعے اپنے مستقبل کو سنوارنے اور ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس موقع پر رخسانہ معید فاؤنڈیشن کی سربراہ اور سعی سکول کی منتظم مہوش سعید ملک نے مستحق بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر تربیت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک – چین تعلیمی تعاون کے تحت پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت بچوں کو اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے لیے چین بھجوانے کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سائنس آن ویلز جیسے پروگراموں کو بچوں میں سائنسی شعور اور سیکھنے کا جذبہ پیدا کرنے کی ایک اہم کاوش قرار دیا۔

سعی سکول کی پرنسپل حرا احسن کا کہنا تھا کہ سائنس آن ویلز جیسے پروگرام بچوں میں سائنسی علوم سے دلچسپی اور تجسس پیدا کرتے ہیں اور انہیں جدید سائنسی تصورات سمجھنے کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
پروگرام کے دوران بچوں نے چائنا میڈیا گروپ کی پیش کردہ سائنسی ویڈیوز میں بھرپور دلچسپی لی اور جدید سائنسی رجحانات، نئی ایجادات اور ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں کو بہتر انداز میں سمجھا۔
سائنس آن ویلز پروگرام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ علم اور سائنسی شعور تک رسائی ہر بچے کا حق ہے۔ حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، درست رہنمائی اور سیکھنے کے مواقع بچوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
