اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی 190 ملین پانڈ القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ 10 نومبر کو عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں پرسماعت کرے گا، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔بشری بی بی نے ستمبر میں اپنی سزا معطلی کی درخواست پرجلد سماعت کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی بینائی مسلسل متاثر ہو رہی ہے اور درخواست پر سماعت میں تاخیر سے ان کی باقی ماندہ بینائی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
بشری بی بی نے درخواست میں کہا تھا کہ سزا معطلی کی درخواست تقریبا 19 ماہ سے زیر التوا ہے، ان کی درخواست کا تعلق صرف سماعت میں تاخیر سے ہے اوراس میں مرکزی اپیل کے میرٹ کا جائزہ لینے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ ایک خاتون قیدی ہونے اور سنگین طبی مسائل کے باعث ان کی درخواست کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جانا چاہیے، درخواست میں اپریل 2026 میں ان کی آنکھوں کی سرجری اور بعدازاں سامنے آنے والی طبی رپورٹس کا بھی حوالہ دیا گیا تھا، جن میں دونوں آنکھوں کے مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
