ہومبریکنگ نیوزپاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ


چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، میڈیا تعاون اور عوامی سفارت کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، 26 اکتوبر (سب نیوز) — چینی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ ماؤ ننگ نے آج وزارت خارجہ اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری اور میڈیا تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محترمہ ماؤ ننگ نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی وانگ یی کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوش خیرسگالی کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے مکالمے میں شرکت کے لیے محترمہ ماؤ ننگ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کے ساتھ ہر موسم میں آزمودہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان تمام سطحوں پر باقاعدہ مشاورت اور تبادلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ترجمانوں کے درمیان مکالمہ میڈیا تعاون، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مکالمے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور پاکستان اور چین کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھنے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔