اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں مشرق وسطی کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی توانائی سلامتی اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ایندھن کی فراہمی کی صورتحال موثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے،پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر پی ایس او اور پی ایل ایل کے ایم ڈیز کی امریکی کمپنیوں کی ایل این جی فراہمی میں دلچسپی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی گئی
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی ناظم الامور کو توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اور امریکہ کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں، پاکستان کی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی کے شعبے میں امریکی تعاون پر اظہارِ تشکر کیا ۔
