ہومپاکستانپاکستان اور چین کے ترجمانوں کے تیسرے مکالمے کا انعقاد، میڈیا تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے تیسرے مکالمے کا انعقاد، میڈیا تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا روابط، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے اور دونوں ممالک کی وزارتوں خارجہ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ترجمانوں کے مکالمے کا تیسرا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان اور چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے شرکت کی، اس مکالمے کا دوسرا دور اکتوبر 2022 میں ورچوئل طور پر منعقد ہوا تھا۔مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کی وزارتوں خارجہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، بالخصوص میڈیا کے ساتھ روابط، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور پاکستان و چین کی دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے قریبی رابطہ کاری، باقاعدہ مشاورت اور تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے وزارتوں خارجہ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ترجمانوں کے مکالمے کے تحت قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاکستان اور چین کے درمیان ترجمانوں کا یہ مکالمہ دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے، باہمی افہام و تفہیم اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔