آئی سی سی آئی اور روٹری کلب کا فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین، پولیو فری پاکستان کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن (آر سی آئی ایم ) نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آئی سی سی آئی ) اور یوتھ کیٹالسٹ پاکستان (وائی سی پی) کے اشتراک سے ورلڈ پولیو ڈے 2026 کے سلسلے میں منور مغل ہال آئی سی سی آئی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں 100 سے زائد پولیو ورکرز، یونیسیف کے سوشل موبلائزرز، روٹیرینز، آئی سی سی آئی ممبران اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء، جو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، نے پولیو کے خاتمے کے لیے مسلسل، مربوط اور مؤثر کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں، بالخصوص روٹری، کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو کے چار کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر ویکسینیشن مہم، مسلسل نگرانی اور اداروں کے مابین بہتر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی انتھک خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد بھی پیش کیں اور پولیو کے خاتمے کے لیے کاروباری برادری کے تعاون کا اعادہ کیا۔
روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے صدر میاں شوکت مسعود نے استقبالیہ خطاب میں آئی سی سی آئی کے تعاون کو سراہا، جبکہ آر سی آئی ایم کی پولیو چیئر محترمہ طیبہ گل نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے 2026 کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں روٹری کی پولیو کے خاتمے کے لیے خدمات، ویکسینیشن مراکز کی معاونت اور کمیونٹی انگیجمنٹ اقدامات پر روشنی ڈالی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کے نمائندے ڈاکٹر اسرار الحق نے پاکستان میں پولیو کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے مسلسل کوششوں، مؤثر رابطہ کاری اور چوکنا رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ یونیسیف کی پریزنٹیشن میں سماجی و رویہ جاتی تبدیلی کے مؤثر ابلاغ، مذہبی رہنماؤں کی شمولیت اور ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کے خاتمے کے ذریعے عوامی اعتماد بڑھانے کی ضرورت اجاگر کی گئی۔
عالمی ادارہ صحت (WHO) کی نمائندہ ڈاکٹر ندا علی نے پاکستان کے پولیو خاتمے کے پروگرام میں ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی اور روٹری، آئی سی سی آئی، یوتھ کیٹالسٹ پاکستان اور فرنٹ لائن ٹیموں کی خدمات کو سراہا۔ پاسٹ ڈسٹرکٹ گورنر مسرور شیخ نے بھی پولیو کے خاتمے کے لیے اجتماعی اقدامات اور عوامی شمولیت کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
آئی سی سی آئی ایگزیکٹو کمیٹی کی نمائندہ محترمہ صدف عاصم عباسی نے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیو فری اسلام آباد اور پاکستان کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب میں ایڈمرل (ر) شاہد قریشی، ماجد قریشی، محترمہ امل، آئی سی سی آئی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سینئر ممبران اور کاروباری برادری کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر 50 نمایاں فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں روٹری کلب کی جانب سے تعریفی اسناد اور نقد انعامات پیش کیے گئے۔
