ہومتازہ تریناسلام آباد میں ہنگری کا قومی دن منایا گیا، سفیر کی جانب سے استقبالیہ

اسلام آباد میں ہنگری کا قومی دن منایا گیا، سفیر کی جانب سے استقبالیہ

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی شرکت، پاکستان اور ہنگری کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

اسلام آباد، (سب نیوز) — پاکستان میں ہنگری کے سفیر زولتان ورگا نے ہنگری کے قومی دن کی مناسبت سے اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ایک پروقار استقبالیہ دیا، جس میں سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارت کاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، کاروباری شخصیات، سینئر سیاست دانوں اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے۔ اس موقع پر پاکستان، ہنگری اور یورپی یونین کے قومی ترانے بجائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہنگری کی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر ہنگری کے سفیر زولتان ورگا نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سفیر نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہنگری کی کمپنی ایم او ایل (MOL) پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں اہم کام کر رہی ہے۔

تقریب کے دوران ہنگری کے قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، جبکہ مہمانوں کی تواضع ہنگری اور پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ استقبالیے کے اختتام پر ہنگری کے فنکاروں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔