اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، سیکرٹری تجارت جواد پال اور اعلی حکام کی شرکت ،پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو ایتھوپیا کی منڈی تک رسائی دینے کے اقدامات تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستانی ادویات کی رجسٹریشن اور منظوری میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں، پاکستان کی ادویہ سازی کی صنعت افریقی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایتھوپین سفیرنے اس موقع پر کہا کہ ایتھوپیا میں پاکستانی ادویات کی رجسٹریشن کے زیر التوا معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے ہیں،ایتھوپیا کے متعلقہ حکام نے پاکستانی ادویات کی رجسٹریشن کے مسائل جلد حل کرنے کی مثبت یقین دہانی کرائی ہے۔ سیکرٹری تجارت جواد پال نے کہا کہ ایتھوپیا کی تکنیکی ٹیم کا دورہ پاکستان جلد یقینی بنایا جائے،تکنیکی ٹیم پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کا معائنہ اور ضروری جانچ پڑتال کریگی،تکنیکی معائنوں اور قانونی تقاضوں کی بروقت تکمیل سے پاکستانی ادویات کی برآمدات میں تیزی آئے گی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کا تجارتی رکاوٹیں دور کرنے اور کاروباری روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا،ملاقات میں عالمی تجارتی تنظیم میں ایتھوپیا کی شمولیت کے عمل پر بھی گفتگوکی گئی ۔
وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے متعلقہ اداروں کا قریبی رابطہ ضروری ہے،تجارتی تعاون میں باہمی مفادات اور دونوں ممالک کی منڈیوں تک مساوی رسائی اہم ہے،ایتھوپیا پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے مشرقی افریقہ کی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے،پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ادویات، خوراک اور بینکاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سفیر عمر حسن اوبا نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے تجارتی تحفظات مشاورت سے دور کرنے کے لیے تیار ہے،ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ ملاقات میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنی کے مجوزہ معاہدے پر بھی پیش رفت کا جائزہ ،دونوں ممالک کا زیر التوا معاملات جلد نمٹانے اور تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق۔
