اسلام آباد (سب نیوز)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے آئی ایف سی کے پاکستان، افغانستان، کرغز جمہوریہ، تاجکستان اور ترکمانستان کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے آئی ایف سی کی جاری اور ممکنہ معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایف سی پاکستان کی پرنسپل کنٹری آفیسر ناز خان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔
وزیر خزانہ نے آئی ایف سی کی پاکستان کے ساتھ مسلسل شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، سستی رہائش اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے اہم شعبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہتر معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو زیادہ سرمایہ کاری، سرمائے کی تشکیل اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
ملاقات میں آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں نئے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے نئے فنڈ کے قیام پر پیش رفت سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا۔ سستی رہائش کے شعبے میں تعمیراتی منصوبوں کی مالی معاونت کے ذریعے گھروں کی فراہمی بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
زرعی شعبے میں آئی ایف سی کے ایگری کنیکٹ اقدام کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زرعی اجناس کے محفوظ ذخیرے کے لیے بہتر سہولیات اور الیکٹرانک ویئر ہاس رسیدوں کو ضمانت کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کسانوں اور زرعی شعبے کے لیے نجی قرضوں اور سرمایہ کاری تک رسائی بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے زرعی شعبے میں رکاوٹیں دور کرکے کسانوں اور قرض دینے والے اداروں کے لیے مالی سہولیات کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے تحت پانی اور بجلی کے شعبوں میں جاری کام بھی زیر بحث آیا۔ آئی ایف سی نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ پانی کے معیار اور محفوظ فراہمی بہتر بنانے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں میٹرنگ نظام کو جدید بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ نجی شعبے کی شراکت سے خدمات بہتر بنانے، نقصانات کم کرنے اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ اور آئی ایف سی حکام نے مقامی کرنسی میں قرضوں اور مالی معاونت کے مواقع بڑھانے اور نجی شعبے کے منصوبوں کے لیے طویل مدتی مالی وسائل کی فراہمی بہتر بنانے پر بھی گفتگو کی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پیداواری سرمایہ کاری کے لیے ملکی وسائل کے ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کی مالی معاونت سے فائدہ اٹھانا اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، کاروباری افراد، زراعت اور ہاسنگ کے لیے طویل مدتی اور قابل استطاعت مالی سہولیات تک بہتر رسائی سے نجی سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ فریقین نے نجی شعبے کی مالی معاونت، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرخزانہ سے آئی ایف سی وفد کی ملاقات، پاکستان میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر گفتگو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
