ہومبریکنگ نیوزپاکستان، چین سیاحتی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم

پاکستان، چین سیاحتی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم

اسلام آباد(آئی پی اس ) پاکستان اور چین کے درمیان سیاحت، میڈیا اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چائنا نیوز سروس (CNS) کے انٹرنیشنل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر مس وانگ گا فئی نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ کیا۔

انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا سے ملاقات کی۔منیجنگ ڈائریکٹر نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ملک میں موجود سیاحتی وسائل اور مقامات کے غیر معمولی تنوع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالخصوص پاکستان کے بدھ مت کے شاندار ورثے اور قدیم گندھارا تہذیب کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔آفتاب الرحمان رانا نے چینی سیاحتی منڈی میں پاکستان کو نمایاں کرنے کے لیے پی ٹی ڈی سی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ چینی ٹریول انفلوئنسرز، کاروباری وفود، میڈیا نمائندگان اور سیاحت سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے پاکستان کے مطالعاتی اور تعارفی دوروں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سیاحت اور میڈیا روابط کے مزید فروغ، سیاحتی مقامات کے بارے میں آگاہی بڑھانے، ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کے ذریعے سیاحوں کی آمد میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

مس وانگ گا فئی نے پاکستان کے مختلف علاقوں کے اپنے سفری تجربات کا ذکر کرتے ہوئے ملک کے خوبصورت مناظر، ثقافتی تنوع اور سیاحتی وسائل کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو بے پناہ سیاحتی امکانات رکھنے والا ایک ایسا ملک قرار دیا جسے عالمی سیاحتی منظرنامے پر مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران فراہم کی جانے والی گرمجوشی، مہمان نوازی اور انتظامات پر اظہار تشکر کیا اور سیاحت، میڈیا اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔

دوستی اور باہمی تعاون کے جذبے کے تحت منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے مس وانگ گا فئی کو سلام پاکستان کے یادگاری تحائف اور چینی زبان میں سیاحتی اشاعتیں بھی پیش کیں۔ پی ٹی ڈی سی کے مطابق بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ اسٹریٹجک روابط اور تعاون کے ذریعے پاکستان کے سیاحتی خزانوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور پاکستان و چین کے درمیان سیاحت، ثقافت اور دوستی کے مضبوط پل قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔