اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے، پی ٹی آئی کالعدم ٹی ٹی پی کی بی ٹیم ہے۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران عطاتارڑ نے کہا کہ اے این پی،جے یو آئی، مسلم لیگ (ن)کی قیادت دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے چکی ہے، صرف پی ٹی آئی کو دہشت گرد کچھ نہیں کہتے، ایسا کیوں ہے؟ یہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے دہشتگردی کی پشت پناہی کی ہے۔ ان کی نیت بھی خراب ہے ،طبیعت بھی خراب ہے، خیبرپختونخوامیں نااہل اورنالائق حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کیوں چل رہی ہیں؟ ،کے پی میں موٹر سائیکل پر بھی نمبر پلیٹ موجود نہیں ہوتا، پی ٹی آئی کے پی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں جان بوجھ کرقانونی دائرے میں نہیں لارہی، یہی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہیں۔عطاتارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں لاشیں گررہی ہیں لیکن ان کوپرواہ نہیں، خیبرپختونخواحکومت نے پولیس کونہتاکرکے شہید ہونے کیلئے چھوڑدیا، کے پی حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگاوہ پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ، یہ دہشتگردوں کے آلہ کار ہیں، دہشتگردوں کی مذمت نہ کرنا بزدلی ہے۔
وزیراطلاعات نے ایمرجنسی اور گورنرراج کے آپشنز کو قبل ازوقت قرار دے دیا، کہا ابھی آگے کیا ہوتا ہے وقت بتائے گا، ایمرجنسی اور گورنر راج کے بارے کوئی حتمی رائے قائم کرنا قبل ازوقت ہوگا۔اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اب پولیس سے اختیارات بھی واپس لے رہی ہے، بلٹ بروف گاڑیاں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرکے واپس کی جاتی ہیں، خیبر پختونخوا میں 800 ارب کہاں لگے؟حساب دیدیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں دہشتگردی ختم ہوگئی کیونکہ وسائل فراہم کیے، فورسزنہتے ہوکر دہشتگردی کامقابلہ نہیں کرسکتیں، بتائیں سی ٹی ڈی پورے خیبرپختونخوامیں کیوں نہیں ہے؟ کے پی حکومت کی نالائقیوں کی وجہ سے پاکستان دہشتگردی میں جل رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کیوں افغانستان کانام کھل کرنہیں لیتے؟ وزیراعلی کے پی کا افغانستان سے متعلق رویہ نرم کیوں ہے؟ افغانستان سپر پراکسی کے طورپرکام کرتاہے، دہشتگردی کے واقعات میں70فیصد افغان شامل ہوتے ہیں۔ دہشتگردی کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرناہے۔
پی ٹی آئی دہشتگردوں کی مالی معاونت میں ملوث، کالعدم ٹی ٹی پی کی بی ٹیم ہے، وزیراطلاعات عطا تارڑ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
