لاہور(سب نیوز) وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں جیسے ہی تیل کی قیمتیں گرنا شروع ہوں گی وزیراعظم اس کا فائدہ عوام کو منتقل کردیں گے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی وجہ سے عوام کو بے پناہ تکلیفوں کا سامنا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا عہد ہے کہ وہ فیصلہ کریں گے جو پاکستان کی عزت عالمی دنیا میں بڑھائے گا، عالمی منڈی میں جیسے ہی تیل کی قیمتیں گرنا شروع ہوں گی فائدہ عوام کو منتقل کردیں گے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ تیل آج 114 ڈالر پر ہے، ڈیزل 114 ڈالر پر تھا آج 160 ڈالر پر ہے، وزیراعظم نے سو روپے لیٹر پٹرول کی قیمت کم کی، ساٹھ لاکھ سے زائد لوگوں نے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں رجسٹرڈ کروائی ہیں جن لوگوں کے پاس بیس سال پرانی موٹر سائیکلیں ہیں ان کی تعداد ساٹھ لاکھ کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور یہ حکومت اس مشکل کی گھڑی میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہوگی، اگر دس ماہ اس سسٹم کو چلانا پڑا تو یہ حکومت چار سے پانچ سو ارب روپے اپنے بجٹ سے کاٹ کر عوام پر لگائے گی، وزیر اعظم کو آپ کی تکلیف اور مشکلات کا احساس ہے ہم وہ کام نہیں کریں گے جو دو ہزار بائیس میں سابق حکومت نے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کسی کا وجود ہے نہ سیاست ہے، اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرکے کسی کو آزاد کرواسکتے ہیں تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے، میاں نواز شریف، شہباز شریف نے اسمبلی کے فلور پر اچکزئی صاحب کو خط لکھا، کیا آج یہ وقت نہیں ہے کہ اپنے اپنے مورچوں پر جاکر اپنی ذمہ داری کو احسن انداز سے انجام دے؟ کیا آج یہ وقت کا تقاضا نہیں ہے کہ سہیل آفریدی شہدا کے گھروں میں جائیں، مجھے صرف یہ خدشہ ہے کہ اس لاپروائی میں ریاست کو کوئی خطرہ نہ پہنچ جائے، آج یہ مناسب نہیں ہے کہ ہم اپنی لڑائیوں میں پڑجائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا، تیرہ سے چودہ اموات ہوئیں، 1122 کی گاڑیوں پر حملہ ہوا، بنوں اور دیگر جگہوں پر اموات ہوئیں، اللہ تعالی شہدا کو اعلی مقام عطا فرمائے۔
