ہومپاکستانوزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نیویارک(سب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں کی اس سے قبل اگست میں کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے تناظر میں تحمل اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا تھا تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔
ایرانی صدر سے موجودہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطے بحال کرانے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے تناظر میں سخت مقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے گا ۔دوسری جانب رواں ہفتے کے آغاز میں ایرانی حکام نے کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی جانب واپسی پر آمادگی کا عندیہ دیا تھا، یہ لچک اس وقت سامنے آئی جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کے دورے کے دوران ایرانی صدر سے ملاقات کی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر امریکا اور ایران کے درمیان نئے سفارتی رابطوں کے پس منظر میں قطر اور پاکستان دونوں کی جانب سے واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطے برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت پاکستان کے اہم سفارتی مقف پر بات متوقع ہے۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی متعدد عالمی رہنماوں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔