ہومتازہ ترینپاکستان اور مالدیپ کا تجارت، معیشت اور دفاع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ کا تجارت، معیشت اور دفاع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک (سب نیوز)پاکستان اور مالدیپ نے تجارت، علاقائی و بین الاقوامی رابطوں، اقتصادی تعلقات، کاروباری شعبے کے درمیان روابط، تعلیم و تدریس اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر مالدیپ کے وزیر خارجہ اریتھوشام آدم سے ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلی سطحی مسلسل رابطوں کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، علاقائی و بین الاقوامی رابطوں، اقتصادی تعلقات، کاروباری شعبے کے درمیان روابط، تعلیم و تدریس اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں کثیرالجہتی سطح پر بھی تعاون میں اضافے پر زور دیا گیا، دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک سمیت مختلف فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مالدیپ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔