پشاور (سب نیوز)9مئی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پشاور پولیس نے ریڈیو پاکستان میں توڑ پھوڑ اور حملے کے دوران وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی موجودگی کی رپورٹ عدالت میں تصدیق کردی ہے۔
پشاور کی مقامی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کے دوران پشاور کے تھانہ شرقی کی پولیس نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلی سہیل آفریدی کی موقع پر موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔پشاور پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عدالتی احکامات پر ریڈیو پاکستان حملہ کیس سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر کی نادرا اور لاہور کی فورینزک سائنس ایجنسی سے تصدیق کرائی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور پولیس کے نامزد افسران نے نادرا اور لاہور فرانزک لیب سے ویڈیوز اور تصاویر کی تصدیق کرائی، جس کی رپورٹ پولیس کو باقاعدہ موصول ہوچکی ہے۔رپورٹ کے مطابق فراہم کردہ ویڈیوز اور تصاویر سے تصدیق ہوئی کہ متعلقہ افراد موقع پر موجود تھے۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم اور کامران بنگش کی موجودگی کی نادرا اور لاہور فرانزک لیب سے تصدیق ہوگئی، جس کی بنیاد پر پولیس نے پیش رفت رپورٹ میں انہیں نامزد کیا ہے۔
پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نادرا ریکارڈ اور پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس کی روشنی میں ملزمان کو نامزد کیا گیا، جبکہ فرانزک رپورٹ میں ویڈیو مواد کے ذریعے وزیراعلی سہیل آفریدی سمیت دیگر افراد کی شناخت کی تصدیق کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر پہلے ہی ملزمان کی نشاندہی کرچکے ہیں اور ان کا بیان بھی مقدمے کے ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔پولیس نے پیش رفت رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی کے مطابق پولیس کی پیش رفت رپورٹ اہم ہے، جس میں اہم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اب پولیس باقاعدہ طور پر ان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرائے گی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کے دوران صورتِ حال مشتعل اور پرتشدد ہوگئی، جس کے بعد مشتعل افراد نے سرکاری املاک کو نشانہ بنایا، توڑ پھوڑ کی اور ریڈیو پاکستان سمیت اہم سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور آگ لگائی۔
ریڈیو پاکستان حملہ کیس، پولیس نے وزیراعلی سہیل آفریدی سمیت 4 افراد کو نامزد کردیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
