اسلام آباد(سب نیوز) جاپان کی ٹوکیو فاؤنڈیشن نے جاپان کی تاریخ، ثقافت، معیشت اور دیگر شعبوں سے متعلق تقریباً 100 کتابیں بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کو عطیہ کی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ میں جاپان کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو فروغ دینا ہے۔اس سلسلے میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے 24 ستمبر کو بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کا پہلا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں سفیر اکاماتسو نے کتابوں کی حوالگی کی تقریب میں شرکت کی اور جاپان سے متعلق متنوع موضوعات پر مشتمل کتابیں یونیورسٹی حکام کے حوالے کیں۔ یہ کتابیں 2008ء میں نیپون فاؤنڈیشن کے شروع کردہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘ کے تحت فراہم کی گئی ہیں، جس کا انتظام اب ٹوکیو فاؤنڈیشن کے پاس ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے منتخب کی گئی انگریزی زبان کی کتابوں میں جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سلامتی، بین الاقوامی تعلقات، فلسفہ، ادب، زبان اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کتابیں علم کے پل کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کے آئندہ سفیر بنیں گے۔سفیر اکاماتسو نے پاکستانی نوجوانوں میں جاپان کے حوالے سے بڑھتی ہوئی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتابیں پاکستانی طلبہ کو جاپان کی ثقافت، معاشرت اور سماجی و اقتصادی ترقی کو سمجھنے میں مدد دیں گی۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ جاپان کے دیرینہ اقتصادی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاپان نے ہمیشہ تعلیم اور خودمختاری کے احترام کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ میں بحریہ یونیورسٹی کے تعاون کو بھی سراہا۔بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد کیمپس ریئر ایڈمرل نعیم سرور ستارہ امتیاز (ملٹری) نے نیپون فاؤنڈیشن اور جاپانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں کا یہ عطیہ طلبہ کو جاپان کے بارے میں جاننے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘ کا آغاز 2008ء میں نیپون فاؤنڈیشن نے کیا تھا۔ اس کا مقصد دنیا بھر کے تحقیقی اداروں، جامعات اور لائبریریوں کو جاپان سے متعلق انگریزی زبان کی کتابیں فراہم کرکے جاپان کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی اور تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
جاپان کی ٹوکیو فاؤنڈیشن کا بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کو 100 کتابوں کا عطیہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
