کراچی (آئی پی ایس )سندھ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ 2026 پر خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بل کی مختلف شقوں پر ڈیڈلاک برقرار رہا۔دوسری جانب حکومتی ارکان نے دعوی کیا کہ اپوزیشن کی بعض سفارشات کو بل میں شامل کرلیا گیا ہے، تاہم اپوزیشن ارکان نے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی تجویز کو قبول نہیں کیا گیا۔
اِسی طرح اپوزیشن کا کہنا تھا کہ بل کی تیاری کے وقت ان سے تجاویز نہیں لی گئیں، جبکہ اسمبلی میں حکومتی ترمیمی بل پیش کرنے کے بعد تجاویز طلب کی گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ 2026 کو پیر یا منگل کو ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے جب کہ ایم کیو ایم نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی تجاویز بل میں شامل نہ کی گئیں تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ مزید برآں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے حق میں نہیں۔
