اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ہز ایکسی لینسی ڈین اسٹوینیسکو نے اسلام آباد میں پانچویں یورپی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینما لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہم جوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ یورپی یونین فنون، ثقافتی تبادلے اور آزادی اظہار کی حمایت میں متحد ہے اور یہ اقدار یورپ کی شناخت کے بنیادی ستونوں میں شامل ہیں۔انہوں نے مکالمے اور کھلی بحث کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض حالات میں اگر کوئی فلم نمائش کے لیے پیش نہ بھی کی جا سکے تو بھی فنکارانہ اظہار اور آزادانہ گفتگو کے لیے جگہ کا دفاع جاری رکھنا ضروری ہے۔
سفیر ڈین اسٹوینیسکو نے کہا کہ سینما مختلف معاشروں اور ثقافتوں کے لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے اور ثقافتی تبادلے باہمی تفہیم اور روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی فلم فیسٹیول 2026 فن، ثقافت اور آزادی اظہار کے فروغ کے ساتھ ساتھ یورپ اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط اور مکالمے کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
