اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے سعودی سفیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا، ملاقات میں صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی اور کاروباری ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت ہونے والی معاشی اور سماجی تبدیلیاں قابلِ تحسین ہیں۔ سعودی عرب کی اصلاحات نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنی دولت اور نوجوان افرادی قوت سے مالا مال ہے، جس سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں کے ذریعے بااختیار بنانا ضروری ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صنعتی شعبے اور تعلیمی اداروں کے روابط مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کے لیے تکنیکی ٹیموں کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ باہمی شراکت داری کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جاسکے۔
پاکستان اور سعودی عرب کا صنعت، توانائی اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
