ہومتازہ ترینایمان مزاری، ہادی چٹھہ کیس، عدالت نے سماعت کی نئی تاریخ دیدی

ایمان مزاری، ہادی چٹھہ کیس، عدالت نے سماعت کی نئی تاریخ دیدی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی متنازع سوشل میڈیا پوسٹس کیس میں سنائی گئی سزاؤں کی معطلی کی درخواستوں پر سماعت 23 ستمبر2026 تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی سزاؤں کی معطلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔جسٹس اعظم خان نے درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا فیصل صدیقی، ریاست علی آزاد اور زینب جنجوعہ سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے قانونی مشیر اور پراسیکیوٹر عدالت میں موجود نہیں تھے جس کے باعث مقدمے کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
عدالت نے این سی سی آئی اے کے قانونی مشیر اور پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے سزا معطلی کی درخواستوں کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا تھا۔21 اگست کو سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے، جس کی سربراہی جسٹس نعیم اختر افغان کر رہے تھے، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے دائر جلد سماعت کی درخواستوں پر کارروائی کی تھی۔سپریم کورٹ نے دونوں درخواستوں پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی تھی۔
درخواست گزاروں نے اپنی درخواستوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 19 فروری 2026 کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں متنازع سوشل میڈیا پوسٹس کیس میں دونوں کی 17، 17 سال قید کی سزاؤں کو معطل کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کو ہدایت دے چکی ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر 2 ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے۔
فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ میں معاملہ سماعت کے لیے آنے کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ درخواستیں بار بار مقرر ہوتی رہی ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا مؤقف
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کا اپنا نظام موجود ہے اور اسی نظام کے مطابق کیسز سماعت کے لیے مقرر کیے جا رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے اس موقع پر نوٹ کیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی سالانہ تعطیلات 6 ستمبر کو ختم ہوجائیں گی جس کے بعد عدالت میں معمول کی کارروائی دوبارہ شروع ہوگی۔
حکومت کے وکیل نے عدالت میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا تھا کہ سزا معطلی کی درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں۔
معاملہ کیا ہے؟
ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو متنازع سوشل میڈیا پوسٹس کیس میں 17، 17 سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔