اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے ملاقات کی، یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ہمراہ تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا، موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر باہم مربوط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔
سفیر اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کیلئے پاکستان کی دیرینہ اور نمایاں خدمات پر گہری تشکر کا اظہار کیا او ربین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔
