ہومبریکنگ نیوزپابندیوں کے باوجود بھارت میں پاکستانی ڈراما درِ نجات کے چرچے، انتہا پسند سیخ پا، مودی سرکار میں کھلبلی

پابندیوں کے باوجود بھارت میں پاکستانی ڈراما درِ نجات کے چرچے، انتہا پسند سیخ پا، مودی سرکار میں کھلبلی

اسلام آباد (آئی پی ایس )بھارت میں سرکاری پابندیوں کے باوجود پاکستانی ڈرامے درِ نجات کی غیر معمولی مقبولیت پر انتہا پسند حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، جبکہ آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی ریلیز سے قبل ہی پابندی کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخر میں وسطی دہلی کے ایک کیفے میں پاکستانی ڈرامے درِ نجات کی واچ پارٹی منعقد کی گئی۔

منتظم ابو سفیان نے بھارتی ویب سائٹ دی پرنٹ کو بتایا کہ انہوں نے 10 سے 15 افراد کے لیے انتظام کیا تھا مگر تقریبا 45 افراد پہنچ گئے، جس کے بعد ٹیم کو اپنے سوشل میڈیا پیغامات (ڈی ایمز) بند کرنے پڑے۔اس تقریب میں کئی شائقین اپنے والدین کو بھی ساتھ لائے تھے، جبکہ ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور 10 منٹ کی طے شدہ گفتگو 40 منٹ تک جاری رہی۔اسی طرز کی اسکریننگز بھارتی شہروں بنگلور اور حیدرآباد میں بھی ہو چکی ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایک درجن سے زائد کیفیز میں بھی یہ ڈراما دکھایا جا رہا ہے۔

دہلی کیفے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی انتہا پسند حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا کہ بھارت میں لوگ سب کچھ اتنی آسانی سے بھول جاتے ہیں، جبکہ دیگر صارفین نے سوال اٹھایا کہ اس تقریب کی اجازت کیسے دی گئی۔ اسی دوران آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کو ریلیز سے قبل ہی بھارت میں بلاک کیا جائے، حالانکہ نیٹ فلکس نے ابھی تک بھارت میں اس کی اسٹریمنگ کا اعلان نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑے پراجیکٹس کی طرح اس سیریز کی ریلیز میں بھی تاخیر ہوئی اور نیٹ فلکس انڈیا کی وجہ سے یہ رکی رہی، جس کے بعد بالآخر نیٹ فلکس کی مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر بھارتی تنظیم نے پابندی کا مطالبہ داغ دیا۔

بائیکاٹ کے مطالبات پر سب سے مثر ردعمل خود بھارتی شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر سامنے آیا ہے۔ ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ میں بطور ایک بھارتی یہ کہتا ہوں کہ پاکستان بھارت کی اتنی پرواہ نہیں کرتا جتنی بھارت پاکستان کی کرتا ہے، ہم بھارتیوں کے خلاف نفرت اور دقیانوسی تصورات پھیلانے والا مواد دیکھنے پر راضی ہیں مگر ایک ایسے شو پر پابندی چاہتے ہیں جس کا ہمارے ملک سے کوئی لینا دینا ہی نہیں۔ صارف نے مزید لکھا کہ جب آپ بیرون ملک کسی پاکستانی سے مل کر بتاتے ہیں کہ آپ بھارتی ہیں تو فورا دوستی ہو جاتی ہے کیونکہ وہاں ایسے جاہل لوگ نہیں ہوتے جو مسلسل آپ کو یہ بتائیں کہ یہ شخص دہشتگرد ہے۔

بیرون ملک مقیم افراد اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ دونوں ممالک کے لطیفے، کھانے اور زبان ایک جیسی ہے۔ ایک اور صارف نے نشاندہی کی کہ بھارتی سنیما نے سالہا سال سے پاکستان کو ولن بنا کر پیش کرنے والی فلموں کی ایک باقاعدہ صنعت قائم کر رکھی ہے، جن میں سے کئی نفرت پھیلانے پر بیرون ملک پابندی کا شکار ہوئیں، مگر ایمان، احساسِ جرم اور ایک شریف انسان کے صبر پر مبنی ڈرامے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا پر یہ دلچسپ تبصرے بھی گردش کر رہے ہیں کہ پاکستانی ڈراموں کے اثر سے اب بھارتی مائیں بھی ماشااللہ کہتی ہیں اور اپنے شوہر کے والد کو ابو پکارنے لگی ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پابندیاں لوگوں کو دیکھنے سے نہیں روک سکتیں بلکہ صرف احساسِ جرم دلانے کی کوشش کرتی ہیں، کیونکہ بھارتی ناظرین پہلے ہی یوٹیوب پر یہ ڈراما دیکھ رہے ہیں اور نیٹ فلکس سیریز بھی کسی نہ کسی طرح دیکھ ہی لیں گے۔

ناقدین کے مطابق ڈرامہ درِ نجات کا مرکزی کردار ابوبکر ایک ایسا مسلمان مرد ہے جس کا ایمان اسے ظالم نہیں بلکہ مزید رحمدل بناتا ہے اور بھارتی اسکرینوں کو ایسی ہی کہانیوں کی زیادہ ضرورت ہے۔ اگرچہ ماضی میں پاکستان نے بھی بھارتی فلموں اور گانوں پر پابندیاں عائد کیں اور سرحد پار کام کرنے والے فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن حکومتی ایڈوائزری اور عوامی خواہشات میں واضح فرق ہے۔ایک طرف سنے ورکرز ایسوسی ایشن دروازہ بند کرنے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری طرف دہلی کا کیفے دوسری اسکریننگ کا خواہاں ہے اور شائقین اگلی قسط کے منتظر ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔