اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کر چکی ہے جبکہ اسکیم سے مستفید ہونے والے انفرادی صارفین کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ اب تک اس اسکیم کے تحت 52 ارب روپے سے زیادہ کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے ٹارگٹڈ اسکیم کے تحت روزانہ اوسطا ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن کو عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال کے پیش نظر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کا اجرا کیا گیا اور ستمبر میں اسکیم کے آغاز سے اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل شفاف اور مثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کاوشوں سے اسکیم پر مثر انداز میں عمل درآمد ممکن ہوا ہے۔ حکومت کا یہ مشترکہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی کی فراہمی سے عام آدمی، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مثر نگرانی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
