ہومبریکنگ نیوزنیپال میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 626 ہو گئی ، ہزاروں افراد تاحال لاپتہ

نیپال میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 626 ہو گئی ، ہزاروں افراد تاحال لاپتہ

کھٹمنڈو:نیپال میں بدھ کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 626 ہو گئی جبکہ 2 ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 626 تک پہنچ گئی ہے ، نیپال اور پڑوسی علاقے تبت میں درجنوں غیر ملکیوں سمیت ہزاروں افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ہمالیہ کے پہاڑی علاقے میں گلیشیئر کے ٹوٹنے کے بعد بڑی مقدار میں پانی، برف، چٹانیں، کیچڑ اور ملبہ دریاؤں میں آیا، جس نے راستے میں آنے والے کئی دیہات اور وادیاں تباہ کر دیں۔ سیلاب سے بجلی گھر، سڑکیں اور پل بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
نیپال کے وزیراعظم بیلندرا شاہ نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، امدادی ٹیموں نے جمعہ کو 4451 لوگوں کو بچا لیا ہے۔
نیپالی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ نیپال کو تعمیر نو کے لیے 4 سے 5 ارب ڈالر درکار ہوں گے، سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے میں وقت لگے گا، سڑکوں، پلوں اور توانائی کے منصوبوں کو نقصان پہنچا ہے، ابتدائی اندازوں کے مطابق بحالی پر اربوں ڈالر لاگت آئے گی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق لاپتا ہونے والوں میں 800 غیر ملکی شہری شامل ہیں ، نیپالی سیاحتی بورڈ کا کہنا ہے کہ اب تک 121 غیر ملکی شہریوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جن میں 2 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ نیپال میں آنے والے سیلاب کے سبب 320 بھارتی شہری لاپتا ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے ممکنہ زندہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں پھنسے لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے بھی لاشیں تلاش کی ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق تبت میں سیلاب کا باعث بننے والی جھیل سے ایک بار پھر پانی چھلکنا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے تبت اور نیپال میں امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔