اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی دارالحکومت کے 44سرکاری و نجی اسپتالوں اور طبی اداروں کو فائر اینڈ لائف سیفٹی سے متعلق نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود متعدد اداروں میں مطلوبہ حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے شہر کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں کو فائر سیفٹی انتظامات بہتر بنانے کے لیے متعدد بار متنبہ کیا گیا۔سی ڈی اے کے کیپیٹل اسپتال سمیت 44 طبی اداروں کو فائر اینڈ لائف سیفٹی سے متعلق نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ پولی کلینک، کیپیٹل اسپتال سمیت 42 سرکاری و نجی اسپتالوں کو بھی حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات دی جاچکی تھیں۔
دستاویزات کے مطابق کیپیٹل اسپتال کو فائر سیفٹی فٹنس اور ہیزرڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ ایم سی آئی نے اسپتال کی فائر سیفٹی تیاریوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے فائر پریوینٹو، فائر پروٹیکشن اور لائف سیفٹی آلات کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔نوٹیفکیشن میں اسپتال انتظامیہ کو فائر سیفٹی آڈٹ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات مکمل کرنے اور لازمی فٹنس سرٹیفکیٹ و این او سی حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ ایم سی آئی کے مطابق اسپتال انتظامیہ کو 2014 سے 2023 تک فائر سیفٹی آڈٹ کے حوالے سے متعدد بار آگاہ کیا گیا۔
حکام نے فائر سیفٹی پلانز کی منظوری اور تکمیل کا فائر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا تھا۔ ہدایت کے مطابق فائر سیفٹی پلانز پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)سے منظور شدہ ایم ای پی کنسلٹنٹ سے ویٹ کرائے جانے تھے، جبکہ فائر اینڈ ریسکیو ماہرین اور پی ای سی رجسٹرڈ کنٹریکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔کیپیٹل اسپتال میں باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں کرانے کا حکم دیا گیا تھا، جبکہ انتظامیہ کو تین ماہ کے اندر تمام ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تاہم ایم سی آئی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بارہا انتباہ اور ہدایات کے باوجود فائر سیفٹی انتظامات پر مکمل عمل درآمد نہ ہوسکا۔پمز کی نرسری میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آنے والے یہ انکشافات اسلام آباد کے اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے نظام، حفاظتی معیارات پر عمل درآمد اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے مثر ہونے پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔
اسلام آباد کے 44اسپتالوں کو فائر سیفٹی نوٹس جاری ، متعدد میں حفاظتی انتظامات نامکمل ہونے کا انکشاف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
